لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ریاست کے نظم و نسق ، ترقی، سماجی یکجہتی ، بدعنوانی، روزگار جیسے مختلف معاملوں پر کل ہونے والی بی ایس پی کی قومی’ ساؤدھان ریلی‘ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ پارٹی کی مہا ریلی میں پورے ملک سے آنے والے بی ایس پی کارکنان کا سلسلہ جاری ہے۔ دیر شام تک کثیر تعداد میں لوگ لکھنؤ کے اسمرتی اپون پارک پہنچے۔ بدھ کو بی ایس پی ریاست کے قانونی نظم و نسق ، ترقی، سماجی یکجہتی ، بدعنوانی، روزگار جیسے مختلف معاملات کے سلسلہ میں رمابائی امبیڈکر نگر میدان پر’قومی ساؤدھان ریلی‘ کا اہتمام کرے گی۔ ریلی میں ملک سے لوگوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دیر رات تک ایک لاکھ سے زیادہ بی ایس پی کے کارکن ریلی کی جگہ پر پہنچ چکے ہیں سخت سردی کے باوجود لوگ جوق در جوق یہاں آرہے ہیں۔ مختلف ریاستوں سے آنے والے لوگوں کے قیام کیلئے ریلی مقام کو چھ بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے
، ہر بلاک میں پنڈال بنائے گئے ہیں۔ کہا یہ جا رہا ہے کہ اس ریلی کے ذریعہ بی ایس پی اپنے سیاسی مخالفین کو جوا ب دینے جا رہی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ پوری ریاست سے کارکنوں کے لکھنؤ پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پارلیمانی انتخابات کو لیکر بی ایس پی کی یہ پہلی ریلی ہو رہی ہے۔ دوسری طرف بی ایس پی کارکنان نے آج ایک زبردست ریلی بھی نکالی جن کے ہاتھوں میں امبیڈکر، کاشی رام اور مایاوتی کی تصاویر والے بینر بھی تھے۔ ہاتھوں میں بینر اور جھنڈا لئے کارکن بنگلہ بازار سے رمابائی امبیڈکر میدان کی طرف جاتے ہوئے نظر آئے۔ ریلی میں بہار، مغربی بنگال، راجستھان، کیرل، مہاراشٹر، دہلی، ہریانہ، اڈیسہ، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش، جموں کشمیر، جھارکھنڈ سمیت دیگر کئی ریاستوں سے کارکن شریک ہو رہے ہیں۔