لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔موہن لال گنج علاقہ میں رہنے والے ایک سپاہی کے گھر میں گھس کر بدمعاشوں نے لوٹ کی واردات انجام دی۔ بدمعاشوں نے سپاہی کی بہو اور پوتے کو چاقو کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔ بدمعاش گھر میں رکھے زیورات اور نقد روپئے لوٹ لے گئے۔ فرار ہوتے وقت بدمعاش گھر کا دروازہ بند کر گئے۔ سپاہی کے گھر ہوئی لوٹ کی اس واردات کو موہن لال گنج پولیس صرف چوری مان رہی ہے اور پولیس نے چوری کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کی ہے۔ موہن لال گنج کے چھبئو کھیڑا گاؤں کا چھترپال سپاہی عہدہ پر تعینات ہے اور آئی جی فائر سروس کے بنگلے پر ڈیوٹی کرتا ہے۔ چھترپال کا چھوٹا بیٹا نیرج کمار بھی سپاہی ہے جو کہ اناؤ میں تعینات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی رات چھتر پال کے گھر میں اس کی بیوی راج رانی، بہو سیما،دو پوتے تین سالہ سامت اور چار ماہ کا بچہ موجود تھے۔ رات تقریباً بارہ بجے دھار داراسلحہ سے لیس نصف درجن بدمعاشوںنے سپاہی کے گھر میں دھاواں بول دیا۔ بدمعاش
سب سے پہلے سیما کے کمرے میں گھسے اور اس پرو دونوں بیٹوں پر چاقو نکال لیا۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے سیما کے کمرے میں رکھی تین جوڑی سونے کی جھمکی، تین سونے کی زنجیر ، چار سونے کی انگوٹھی، دو سونے کی نتھونی اور چار جوڑی چاندی کی پائل نکال لی۔اس کے بعد بدمعاش راج رانی کے کمرے میں پہنچے اور کمرے سے ۵۵ ہزار روپئے نقد اور بیس لیٹر مینتھا آئل اٹھا لیا۔ اسی درمیان راج رانی نے بدمعاشوں کی مخالفت کی ہمت کی تو بدمعاشوں نے اس کے پوتوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ بدمعاشوں کی دھمکی سن کر راج رانی بھی خاموش ہو گئی۔ اس کے بعد بدمعاش گھر کے دروازے سے باہر فرار ہو گئے۔ گھر سے فرار ہوتے وقت بدمعاشوں نے گھر کے دروازے کو باہر سے بند کر دیا۔ بدمعاشوں کے فرار ہوتے ہی سپاہی کی بہو سیما چھت پر چڑھ کر شور مچانے لگی۔ شور سن کر گاؤں والوں نے بدمعاشوں کا تعاقب بھی کیا لیکن بدمعاش تاریکی کا فائدہ اٹھاکرفرار ہو گئے۔ گھرمیںلوٹ کی اطلاع پاکر جمعرات کی صبح سپاہی چھتر پال ڈیوٹی سے گھر پہنچا اس نے موہن لال گنج پولیس کو گھر میں ہوئی لوٹ کی اطلاع بھی دی۔ اطلاع پر پہنچی موہن لال گنج پولیس نے تفتیش کے بعد لوٹ کی واردات کو چوری کی بات بتائی۔ پولیس نے اس معاملہ میں چوری کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کی ہے۔