سعودی عرب کی مذہبی پولیس المعروف امر بالمعروف ونہی عن المنکر نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جس کا دعویٰ ہے کہ اس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو عالم بیداری میں دیکھا اور آپ سے دیر تک گفتگو بھی کی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پولیس کے ترجمان ترکی الشلیل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ “ٹیوٹر” پر بتایا کہ روضہ رسول سے کچھ لوگوں کو ایک شخص کی تصویر اٹھائے دیکھا گیا جس کے بارے میں لوگوں نے دعویٰ کیاکہ اس نے حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا حال
ت بیداری دیدار کیا ہے۔ تصویر کی روشنی میں اس شخص کی تلاش کی گئی تو وہ مل گیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ میں نے حالت بیداری میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات اور بات چیت کی۔ اس کا کہنا ہے کہ میں نے حضور کو اپنی جاگتی آنکھوں سے ہرطرف موجود دیکھا۔
اس کا مزید دعویٰ ہے کہ بعض زائرین بھی حضور سے ملاقات اور بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے صحابی رسول اور آنحضور کے چچا حضرت حمزہ کے مرقد کی بھی زیارت کی۔ ان سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔ اس نے بتایا کہ سعودی عرب کے شہر انقوش سے آئی خاتون نے حضرت فاطمہ الزھراء رضی اللہ عنہا کی زیارت کی تھی۔ طویل مدت کے بعد اس کی ملاقات اس خاتون سے دوبارہ ہوئی تو اس نے بتایا کہ حضرت فاطمہ میرے ساتھ ہوتی ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ لوگوں کی تصاویر کا ایک البم اٹھائے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عالم بیداری میں ملاقات کے دعوے دار شخص کو غلط عقائد کی ترویج کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ دوران تفیش ملزم نے اپنی غلط بیانی کا اعتراف کیا اور کہا ہے کہ وہ محض لوگوں کو گمراہ کرنے کی غرض سے ایسا کرتا رہا ہے۔