لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ امین آباد پولیس نے پنجاب نیشنل بینک کی شاخ سے دو چیک کی مدد سے لاکھوں روپئے نکالنے کا منصوبہ بنارہے ایک جعلساز کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے ۲۰-۲۰ روپئے کے چیک پر ہیراپھیری کر کے لاکھوں روپئے کی رقم درج کی تھی۔ گرفتار جعلساز اس کھیل کا صرف ایک مہرا ہے۔ اصل ماسٹر مائنڈ
اتراکھنڈ کا رہنے والا ہے۔
ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ امین آباد شیوا جی مارگ واقع پنجاب نیشنل بینک کی شاخ میں سنیچر کی دوپہر ایک شخص دو الگ الگ چیک لیکر پہنچا۔ ایک چیک دو لاکھ بیس ہزار روپئے اور دوسرا چیک ۳۹۵۰۰ روپئے کا تھا۔ بینک کے ایک ملازم کوچیک پر شک ہواتو اس نے اس بات کی اطلاع بینک منیجر راجیش چندر جیسوال کو دی۔ منیجر نے جب چیک کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ چیک تو اصلی ہے لیکن چیک صرف بیس روپئے کا ہے باقی رقم بڑھائی گئی ہے۔ اس کے بعد بینک منیجر نے امین آباد پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی امین آباد پولیس نے لاکھوں کا چیک کیش کرانے پہنچے شخص کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ میں ملزم نے اپنا نام لکھیم پور کھیری کا ومل کمار بتایا۔ تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ ایک چیک کرشنا نگر کے ایک شخص کا ہے جبکہ دوسرا چیک راجستھان کے رہنے والے ایک شخص کا ہے۔ پوچھ گچھ میں ملزم ومل نے بتایا کہ اس کو دونوں چیک اتراکھنڈ کے رہنے والے اجے کمار شرما نے کیش کرانے کیلئے دیئے تھے۔ امین آباد پولیس اب اجے کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے فی الحال اجے کا موبائل فون بند ہے۔
مفرور اجے نے ومل کو رکھا تھا ملازمت پر:- پکڑے گئے ملزم ومل نے بتایا کہ جنوری میں ہی اجے کمار نے اس کو اپنی کمپنی میں ملازمت کیلئے رکھا تھا۔ اجے نے ومل کو پچاس ہزار روپئے تنخواہ دینے کی بات کہی تھی اس نے ومل کو کاغذوں کو ادھر اُدھر پہنچانے کا کام سونپا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اجے کے گرفت میں آنے کے بعد اس گورکھ دھندے کی حقیقت کا پتہ چل سکے گا۔