لکھنؤ۔(نامہ نگار)طویل عرصے سے بیمار ایک ڈرائیور نے اتوار کی دیر رات اپنے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ۔ پولیس کو ڈرائیور کا تحریر کردہ خودکشی کا نوٹ بھی ملا ہے۔ خودکشی نوٹ میں بیماری سے پریشان ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق سعادت گنج کوتوالی انچارج سمر بہادر یادو نے بتایا کہ بی بی گنج کاباشندہ کملیش مشرا (۲۸)پک اپ گاڑی چلاتا تھا۔ اتوار کی شام اس کی بیوی اپنے مائکے تقریب میں شامل ہونے کے لئے گئی تھی۔ گھرمیںکملیش اور اسکے والد انل وماں موجود تھیں۔ کل دیر رات کملیش نے خودکشی کا نوٹ تحریر کیا اور پنکھے میں رسی کے سہارے خودکشی کرلی۔ پیر کی صبح جب کنبے کے لوگ صبح بیدار ہوئے تو ان کی نظر کملیش کی لاش پر پڑی ۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر سعادت گنج پولیس بھی پہنچ گئی ۔ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس کو کملیش کا تحریر کردہ خودکشی کا نوٹ ملا جس میں اس بات کا ذکرکیا گیا تھا کہ وہ طویل عرصے سے بیمار ہے۔ ڈاکٹروں کا علاج کرانے کے بعد بھی اس کو فائدہ نہیں ہوا ۔ بیماری کے سبب وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا اسی کے سبب اس نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا اور خودکشی نوٹ کو اپنے قبضے میں لے
لیا۔