51 سالہ امریکی شہری روبنسن ’روٹ 29 بیٹ مین‘ کے نام سے مشہور تھے
بیٹ مین کے بھیس میں بیمار بچوں کی عیادت کرنے والے امریکی شہری لیونارڈ روبنسن کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے پولیس حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ روبنسن کی گاڑی کوحادثہ ورجینیا سے واپسی پر میری لینڈ میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ان کی گاڑی کو ہائی وے پر حادثہ پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
51 سالہ روبنسن کو سنہ 2012 میں انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شہرت ملی۔
اس ویڈیو میں انھیں پولیس غلط نمبر پیلٹ کی وجہ سے پکڑتی ہے۔ انھوں نے اصلی نمبر پیلٹ کی جگہ بیٹ مین کا سائن لگا رکھا تھا۔
وہ ’روٹ 29 بیٹ مین‘ کے نام سے مشہور تھے۔ انھوں نے مسلسل 14 سال تک ہسپتالوں میں زیرِ علاج بیمار بچوں کی عیادت کی۔
روبنسن بچوں کو ان کی ضرورت کی چیزوں کی علاوہ بیٹ مین کے سپر ہیرو کا لباس بھی دیتے تھے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق انھوں نے اپنا نجی کاروبار فروخت کر کے بیٹ موبائل ( سیاہ لامبرگینی) خریدی تھی۔
اخبار کے مطابق انھوں نے 16000 ڈالر سے زائد کی رقم بیٹ مین کے کھلونوں، کپڑوں اور کتابوں پر خرچ کی۔
سنہ 2012 میں واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں روبنسن کا کہنا تھا کہ’میں یہ صرف بچوں کے لیے کر رہا ہوں۔‘
اگرچہ وہ بچوں سے ملنے سنہ 2001 میں جانا شروع ہوئے تھے تاہم سنہ 2012 میں جب انھیں پولیس نے پکڑا تو انھیں کوئی سزا نہیں دی گئی تھی۔ اس روز وہ کیسنر کے ایک ہسپتال میں موجود بچوں سے ملنے جا رہے تھے۔