ممبئی،(یو این آئی) ملک کے بینکوں میں جمع کل۸۱۳۱۰ارب روپے میں نصف عام آدمی کا پیسہ ہے جو انھوں نے چالو، بچت اور فکسڈ ڈپوزٹ کے روپ میں جمع کر رکھا ہے ۔ریزرو بینک نے آج گذشتہ سال مارچ تک سبھی نوٹیفائیڈ بینکوں میں جمع کل رقم کی تفصیلات جاری کی ہے ۔ اس میں ذاتی اور غیر منقسم ہندو خاندانوں کی بچت کا حصہ۴۹ء۸فیصد یعنی ۴۰۴۶۷ء۵۴ارب روپے ہیں۔ ذاتی بچت میں اگر ٹرسٹوں ، تنظیموں، کلبوں
، جائیداد اور پارٹنر شپ کنسرن ، تعلیمی تنظیموں ، ازخود ہیلپ گروپوں ، غیر سرکاری تنظیموں وغیرہ کو جوڑ دیا جائے تو کل گھریلو بچت۴۸۵۶۷ء۳ارب روپے کی ہے جو بینکوں میں جمع رقم کا ۵۹ء۷فیصد ہے ۔دریں اثنا غیر مقیم ہندوستانیوں کے ذریعہ بینکوں میں جمع رقم ۳۱مارچ۲۰۱۳کے۲۸۱۱ء۱۰ارب روپے سے بڑھ کر۵۰۱۳ء۱۴ ارب روپے پر پہنچ گئی۔ بینکوں میں کل جمع رقم میں ان کا حصہ ۶ء۲فیصد ہے ۔اس میں ۱۴فیصد رقم یعنی ۱۱۴۰۱ء۶۵ارب روپے سرکار، سرکاری تنظیموں اور عوامی کمپنیوں کا ہے ۔کل بچت ۸۱۳۰۹ء۸۴ارب روپے میں سب سے زیادہ ۴۴۱۴۸ء۸۶ ارب روپے میٹروپالیٹن شہروں کی بینک شاخوں میں۱۷۶۴۰ء۰۴ارب روپے شہری علاقوں اور۱۱۵۰۴ء۰۷ارب روپے نیم شہری علاقوں کی شاخوں میں جمع ہیں۔ سب سے کم ۷۹۱۶ء۸۷ارب روپے گاؤں کی شاخوں میں جمع ہیں۔