لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گومتی نگر میں ایک بینک سے روپئے نکالتے وقت ایک کاروباری کیش کاؤنٹر پر پچاس ہزار روپئے بھول گیا۔ کچھ ہی دیر کے بعد جب وہ روپئے تلاش کرتا ہوا بینک پہنچا تو روپئے غائب تھے۔ اس سلسلہ میں کاروباری نے پولیس سے شکایت کی ہے۔ مڑیاؤں کے عزیز نگر کے رہنے والے کاروباری منیش مشرا کاروبار کیلئے دو لاکھ روپئے نکالنے کیلئے دو شنبہ کی صبح گیارہ بجے مٹھائی والے چوراہے
واقع یونین بینک گئے تھے۔ بینک کے ملازم نے انہیں ۵۰-۵۰ ہزار روپئے کی چار گڈیاں دیں اور منیش روپئے لیکر باہر نکل گیا۔ کار میں بیٹھ کر اس نے دوبارہ جب روپئے دیکھے تو ایک گڈی کم تھی۔ گڈی کم دیکھ کر منیش کے پیروں تلے زمین کھسک گئی۔ وہ دوڑ کر کیش کاؤنٹر پر پہنچا تو وہاں روپئے نہیں تھے اس کے بعد اس نے بینک افسران کو اس بات کی جانکاری دی۔ بینک کے لوگوں نے جب سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو ایک نوجوان روپئے لیکر جاتا ہوا دکھائی پڑا۔ اس معاملہ میں کاروباری نے گومتی نگر پولیس سے شکایت کی ہے۔