لکھنؤ۔:۔ جدیدکاری اور کمپیوٹرایزیشن سے جہاں ہزاروں فائدے ہیں وہیں اس کی جلو میں بہت سی پریشانیاں بھی ہیں۔ کمپیوٹرائزیشن کی وجہ سے جہاں بینکنگ نظام میں بڑی آسانیاں پیدا ہوئیں اور جب لوگ جہاں سے چاہیں رقم حاصل کر لیں وہیں تمام تفصیلات آن لائن ہونے کی وجہ سے کھاتوں سے چوریاں بھی ہو رہی ہیں۔
حسن گنج علاقہ میں رہنے والے ایک شخص کے بینک کھاتے سے جعلسازوں نے ۴۰ہزار روپئے نکال لئے۔اس معاملہ میں کھاتا ہولڈر نے حضرت گنج کوتوالی میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے۔ حسن گنج ڈالی گنج میں رہنے والے راجیو کمار کا کھاتا ایکسس بینک واقع سکندر باغ میں ہے۔ جعلسازوں نے گزشتہ ۶، اور ۷؍اکتوبر کو ان کے بینک کھاتے سے دو مرتبہ میں ۲۰-۲۰ ہزار روپئے نکال لئے ہیں جس کی اطلاع بینک نے ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی نہیںدی۔ کچھ دنوں کے بعد جب انہوں نے اپنی رقم چیک کی تو چوری کے بارے میں معلوم ہوا۔
انہوں نے بتایاکہ بینک پہنچ کر تفصیلات معلوم کرنا چاہا تو معلومات بھی نہیں ملی صرف ان کو یہ بتایا گیاکہ اے ٹی ایم کی مدد سے ۴۰ ہزار روپئے نکالے گئے ہیں۔ جمعرات کو اس معاملہ میں راجیو نے حضرت گنج کوتوالی میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے۔