لکھنؤ:حضرت گنج کے سکندرباغ میں واقع ایکسس بینک میں روپئے جمع کرنے آئے ایک تعمیراتی کمپنی کے دو ملازمین سے ۷۴ہزار روپئے ٹھگ لئے گئے۔ واردات بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہے۔ پولیس اب سی سی ٹی وی فوٹج کی مدد سے جعلسازوں کی تلاش کر رہی ہے۔
اومکس ریزیڈنسی گروپ نام کی ایک تعمیراتی کمپنی کے دو ملازمین نکھلیش اور دیپک اپادھیائے آج دوپہر تقریباً بارہ بجے کمپنی کے تین لاکھ ایک ہزار روپئے جمع کرنے کیلئے ایکسس بینک پہنچے تھے۔ دونوںملازمین بینک میں لگی ایک ڈسک پر روپئے جمع کرنے کی سلپ بھر رہے تھے کہ اسی درمیان ان کے نزدیک دو نوجوان آک کھڑے ہوئے۔ سلپ بھرتے وقت دونوں نوجوانوں نے نکھلیش اور دیپک سے کہا کہ ان لوگوں نے سلپ بھرنے میں کچھ غلطی کر دی ہے۔ یہ سن کر دونوںملازمین سلپ دیکھنے لگے نزدیک ہی کھڑے دونوں نوجوانوں نے نکھلیش اوردیپک کو اپنی باتوںمیںالجھا لیا اس درمیان موقع پاکر ایک نوجوان نے کمپنی کے ملازمین کے پاس موجود روپیوں میں سے ۷۴ہزار روپئے غائب کر دیئے اور اس کے بعد دونوں جعلساز بینک سے غائب ہو گئے۔ کمپنی ملازمین کو کچھ بھنک نہیں لگی۔ وہ لوگ جب روپئے جمع کرنے کاؤنٹر پر پہنچے تو کلرک نے جب روپیوں کی جانچ کی تو اس میں ۷۴ہزار روپئے کم تھے۔ کلرک نے اس بات کی اطلاع کمپنی کے دونوںملازمین کو دی۔ دونوں کو یقین ہو گیا کہ روپئے انکے نزدیک ہی کھڑے دونوں نوجوانوں نے غائب کر دیئے ہیں۔ دونوںملازمین مذکورہ نوجوانوں کو تلاش کرتے رہے لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
اطلاع ملنے پر حضرت گنج پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے تعمیراتی کمپنی کے ملازمین کی تحریر پر رپورٹ درج کر لی ہے۔ پولیس فوٹج کی مدد سے جعلسازوں کو تلاش کر رہی ہے۔