نئی دہلی: پیٹرولیم کے مرکزی وزیر دھرمندر پردھان نے کہا کہ جس حساب سے بین اقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں گھٹتی ہیں ، اس حساب سے ہم ملک میں پیٹرول اور ڈیژل کی قیمتیں کم نہیں کرسکتے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں مسٹر پردھا ن نے یہ بات کہی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ بین اقوامی بازار میں تیل کی قیمتیں کافی گر گئی ہیں مگر ملک میں پیٹرول اور ڈیژل کی قیمتوں میں اتنی کمی نہیں آرہی ہے ۔ پیٹرولیم کے وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں آج کچے تیل کی قیمت پچاس ڈالر فی بیرل ہے جس حساب سے قیمتیں گھٹتی ہیں، اس حساب سے ہم ملک میں قیمتیں گرنے کی توقع نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے کہا کہ خام تیل صاف کرنے کے کارخانے تیل صاف کرنے کا خرچ کم نہیں کرتے ۔ ریاستوں کے ٹیکس بھی کم نہیں ہوتے ۔ ڈیژل چارج کم نہیں ہوتا۔ یہ سب مقررہوتے ہیں۔ اس لئے بین الاقوامی بازار میں تیل کی قیمتوں کے گرنے کے حساب سے تیل کی قیمتیں کم کرنا ممکن نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بین الاقوامی بازار میں تیل کی قیمتیں گھٹنے سے کل سرکار نے پیٹرول کی قیمتوں میں محض دو روپے کی کمی کی تھی۔ایک دیگر سوال کے جواب میں مسٹر پردھان نے بتایا کہ ملک میں 25 لاکھ لوگوں نے ایل پی جی گیس کی سبسڈی اپنی مرضی سے چھوڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس طرح سے سرکار سے تعاون کرتے ہیں تو ہم جلد ہی ایک کروڑ کا ہدف حاصل کرلیں گے ۔