بریلی(وارتا)۔اترپردیش میں بریلی کے وشارت گنج علاقہ میں ایک شخص نے اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ آشنائی کی وجہ سے اپنی بیوی اور سالی کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ ایس ایس پی جے رویندر گوڑ نے آج یہاں بتایا کہ چھاؤنی تھانہ علاقہ کے بھاؤواپورکے رہنے والے بابو رام کشیپ کی گزشتہ ۱۷ جولائی کو بدایوں کے داتا گنج کی رہنے والی ۱۹ سالہ نیلم سے شادی ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کشیپ نے ساون میں میکے گئی نیلم اور سالی سنگیتا(۱۴)کو گزشتہ تین اگست کو میلہ دکھانے کے لئے بریلی کے وشارت گنج تھانہ حلقہ کے ڈھاکہ گاؤں واقع اپنے ننیہال لے جاتے وقت راستہ میں ایک کھیت میں ایک ایک کرکے دونوں کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ اس نے سالی کا قتل راز کھلنے کے خوف سے کیا تھا۔ گوڑ نے بتایا کہ نیلم کے
باپ ہربھجن نے جب کشیپ کو کئی بار فون کیا اور کوئی جواب نہیں ملنے پر انہیں انہونی کا شک ہوا۔ انہوں نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے کشیپ کے کنبہ کو حراست میں لے لیا اور بعد میں کشیپ کو بھی پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کشیپ کی نشاندہی پر کل کھیت سے دونوں بہنوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ گوڑ کے مطابق کشیپ نے بتایا کہ وہ اپنی خالہ زاد بہن سے محبت کرتا تھا اور اسی لئے اس نے اپنی بیوی کو راستہ سے ہٹا دیا۔ چونکہ سالی سنگیتا کو اس کے جرم کی بات پتہ چل گئی تھی لہٰذا اس کا بھی قتل کردیا۔ پولیس نے قتل کامقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔