رائے بریلی (نامہ نگار)۔ بیٹی پیداہونے سے ناراض بیوی کوقتل کرنے والے شوہر کوعدالت نے عمر قید کی سزا اور دس ہزار روپئے جرمانہ عائد کیاہے ۔استغاثہ کی جانب سے پیروی کرنے والے اے ڈی جی سی اجے موریہ نے بتایا کہ معاملے کامقدمہ تھانہ فرصت گنج میںمتوفیہ کے والد رام دین نے۲۰۰۸میں درج کرایاتھا۔ رپورٹ کے مطابق استغاثہ اپنی سسرال فرصت گنج تھانہ علاقہ کے تنیرا میںرہتاہے ۔ اس نے اپنی بیٹی انیتاکی شادی پورے گرومدرا تیندوا کے باشندے
جگدیش کے ساتھ کردی تھی۔
انیتا کے یہاں بیٹی ہونے کے بعد جگدیش اس سے ناراض رہتا تھا۔ اور آئے دن دونوں کے درمیان جھگڑا ہوتارہتاتھا۔ اتنا ہی نہیں جننی سرکشا اسکیم کے تحت موصول رقم کامطالبہ کررہا تھا۔ ۲۹؍اپریل کو جگدیش اس کے یہاں پہنچا کھانا کھانے کے بعد جگدیش انیتا کولے کرکھیتوں کی طرف چلا گیا لیکن صبح کو انیتا کی لاش کھیت میں پڑی ہوئی ملی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد ملزم شوہر کے خلاف عدالت میںفردجرم عائد کی تھی۔ عدالت نے فریقین کی بحث کے بعد مہیاکرائے گئے ثبوت کی بنیاد پرشوہر کوقصور وار قراردے کرعمر قید اور دس ہزارروپئے کاجرمانہ عاید کیا۔