ممبئی ۔پاکستان کے ڈیشنگ ہیرو فواد خان اور سونم کپور ‘خوبصورت’ کے بعد ایک بار پھر پرستاروں کے دل جیتنے واپس آ رہے ہیں۔شائقین اپنے پسندیدہ اداکاروں کی جوڑی کو ‘بیٹل فار بٹورا’ میں ایک بار پھر دیکھ سکیں گے، جس کی ہدایات ریہا کپور دے رہی ہیں۔اس فلم میں ‘خوب صورت’ کی چلبلی اور نٹ کھٹ لڑکی ایک مختلف روپ میں نظر آئے گی۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم مصنف انوجا چوہان کی تصنیف ‘بیٹل فار بٹورا’ ( بٹورا کی جنگ ) پر بنائی جائے گی، انوجا سے اس کی تصنیف کے حقوق انیل کپور کی کمپنی نے خرید لیے ہیں۔’بیٹل فار بٹورا’ عام انتخابات کے تناظر میں لکھی گئی دو پریمیوں جِنی اور ذین الطاف خان کی کہانی ہے۔جنی (سونم کپور) ایک زندہ دل لڑکی ہے، وہ ایک اینیمیشن اسٹوڈیو میں ملازم ہے۔ ایک روز جنی کی دادی اسے فون کر کے کہتی ہے کہ وہ اپنی جائے پیدائش، بٹورا واپس آجائے اور لوک سبھا کے الیکشن میں حصہ لے۔جنی دادی کی بات مان لیتی ہے، ذرا اندازہ لگائیے کہ عام انتخابات میں جنی کا مخالف امیدوار کون ہے؟ جی ہاں، خوبصورت اور وجیہہ ذین الطاف خان (فواد خان)۔دونوں کے درمیان الیکشن جیتنے کی دوڑ شروع ہوجاتی ہے اور اس دوران پیش آنے والے معاملات کے نتیجے میں یہ حریف امیدوار ایک دوسرے کی محبت میں بھی گرفتار ہو جاتے ہیں۔اب تک اس فلم کی ریلیز کے بارے میں حتمی طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔