لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست کی قانون ساز کونسل کی بارہ سیٹوں کے ہو رہے دو سالہ انتخاب کیلئے بہوجن سماج پارٹی کے تین امیدواروں نے آج اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ بی ایس پی جنرل سکریٹری نسیم الدین صدیقی، دھرم ویر سنگھ اشوک اور پردیپ کمار جاٹو نے پیٹھاسین افسر اور ریاستی اسمبلی کے چیف سکریٹری پردیپ کمار کے سامنے اپنے پرچہ نامزدگی کے دو-دو سیٹ داخل کئے۔ مسٹر صدیقی موجودہ وقت میں قانون ساز کونسل میں حزب مخالف کے لیڈر ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے موقع پر اترپردیش اسمبلی میں لیڈر حزب مخالف سوامی پرساد موریہ، سابق وزیر لال جی موریہ اور ریاستی اسمبلی کے سابق اسپیکر سکھ دیو راج بھر موجود تھے۔
ریاستی قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا کام منگل سے شروع ہوا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۱۳؍جنوری ہے اور اب تک تین امیدواروں نے اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں۔ ان انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی کی جانچ کا کام اگلے دن تک ہوگااور نام واپسی سولہ جنوری تک ہو سکے گی۔ ضروری ہونے پر ۲۳؍جنوری کو ووٹنگ ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ ریاستی قانون ساز کونسل کے بارہ اراکین کے کام کی مدت ۳۰؍جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔ ان خالی ہورہی نشستوں کیلئے اترپردیش میں برسراقتدار سماج وادی پارٹی اپنے ۸؍امیدواروں کی فہرست جاری کر چکی ہے جن کی آئندہ ایک دو دنوں میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی امید ہے۔