بارہ بنکی (نامہ نگار)بی ایس پی امیدوار کملاپرساد راوت کی حمایت میں بی ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری
نے رام نگر واقع بی ایس پی دفتر میں منعقدہ برہمن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہمنوں کا سب سے زیادہ اعزاز بی ایس پی نے کیا ہے۔ پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے اپنے اقتدار میں برہمنوں کو سب سے زیادہ عہدے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں بھی سب سے زیادہ ٹکٹ برہمنوں کو بی ایس پی نے دیئے ہیں۔ راجیہ سبھا میں پارٹی نے سب سے زیادہ برہمنوں کو بھیجا ہے۔ مسٹر مشرا نے پارٹی کی سپریمو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ بی ایس پی حکومت نے سب سے زیادہ تعداد میں برہمنوں کو وزیر بنایا۔وکلاء کو بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز کیا۔ انہوں نے کہا کہ مایاوتی کے قول وفعل میں کوئی فرق وتضاد نہیں ہے۔ جبکہ دیگر پارٹیوں کے لوگ تشدد میں یقین رکھتے ہیں۔ مسٹر مشرا نے مزید کہا کہ مظفر نگر فساداس کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفرنگر فسادات میں بی جے پی نے اہم رول ادا کیا تھا اور اس کے لیڈران نے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر فساد ہوئے۔مسٹر مشرانے کہا کہ ایس پی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے سیفئی مہوتسو میں عوام کا پیسہ خرچ کیا ہے۔جب لوگ فساد سے متاثر تھے تو سیفئی میں سماجوادی پارٹی کا مہوتسو چل رہاتھا۔جس میں پارٹی کے تمام لیڈر موجود رہے۔ جبکہ مایاوتی نے بھائی چارہ قائم کرکے سروسماج کو اعزاز دیا۔اس موقع پر سنگرام سنگھ ورما،اوپی ترپاٹھی، سریش چندر گوتم اور اروند موریہ وغیرہ موجود تھے۔