مظفر نگر (بھاشا)بی ایس پی کارکنان نے شاہ پور ضلع میں رام دیو کا پتلا نذرآتش کیا۔ بی ایس پی کارکنان رام دیو کے ذریعہ کئے گئے تبصرہ سے مشتعل تھے۔پارٹی کارکنان نے رام دیو پر دلتوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کا پتلا نذرآتش کرتے ہوئے گرفتاری کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ لکھنؤ میں ایک پروگرام کے دوران بابارام دیو نے کہا تھا کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی دلتوں کے گھر ہنی مون اور پکنک منانے کے لئے جاتے ہیں ان کے اس بیان کی زبردست مذمت کی گئی تھی۔پارٹی کارکن رام سورج مل آریہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو درجہ فہرست ذات واقوام قبائل قانون کے تحت رام دیو کے خلاف مقدمہ درج کرنا چاہئے۔اس کے علاوہ شاملی ضلع میں بھی بی ایس پی کارکنان نے راجندر اپادھیائے کی قیادت میں مظاہرہ کرتے ہوئے پتلا نذرآتش کیا اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔