کانپور(نامہ نگار)۔بی ایس پی کے بانی کانشی رام کی برسی کے موقع پرلکھنؤمیں پارٹی کے ذریعہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا اس کے بعد بی ایس پی صدر نے پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق کانپورکے بی ایس پی کے برخاست ضلع صدر جے نارائن کریل سمیت شہر کے مختلف رہنما لکھنؤ پہنچے ۔برخاستگی کے بعد ڈسپلن کے مشہور پارٹی کاآپسی اختلافات عوام کے سامنے ظاہر ہونے لگے ہیں۔ پارٹی کے سینئر رہنما بی ایس پی صدر مایا وتی سے برخاست کرنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کررہے ہیںجبکہ مخالف گروپ نے فیصلے کو پارٹی میں ڈسپلن قائم رکھنے کیلئے ضروری قرار دیاہے۔مخالف گروپ نے بی ایس پی کے کسی بھی لیڈر کو شہر صدر نامزد کرنے کی اپیل پارٹی سپریمو سے کی ہے ۔ برخاست ضلع صدر نے پارٹی کوالوداع کہنے کی کسی بھی خبر کو خارج از امکان بتایا ہے ۔لیکن برخاست صدر کی مایا وتی سے ملاقات کے بعد حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آپسی مخالفت کے سبب پارٹی کے رہنما مہندرسنگھ یادو نے بی ایس پی کوخیر باد کہہ دیاتھا۔جبکہ مہندر یادوسماج وادی پارٹی دیہات کے ضلع صدر ہیں۔