ڈومریاگنج (نامہ نگار) ڈومریا گنج پارلیمانی انتخاب کو پرامن اور غیر جانبدارانہ مکمل کرانے کے سلسلہ میں ڈومریا گنج اسمبلی حلقہ میں تعینات اسٹیٹک مجسٹریٹ اقبال محمد کی قیادت میں ڈومریا گنج تھانہ کی پولیس نے اتوار کو راپتی پل پر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران بی جے پی ڈومریاگنج کے امیدوار جگدمبکاپال کی دو گاڑیوں سے جانچ ٹیم نے غیر قانونی تشہیر کا سامان برآمد کیا۔ گاڑی کے ڈرائیوروں نے تشہیر کے سامان سے متعلق ضروری کاغذات نہیں دکھائے۔ ٹیم کے لوگ ڈرائیور سے پوچھ گچھ کررہے تھے اسی دوران پال کے بیٹے ابھیشیک اور ان کے حامیوں کی ٹیم سے تکرار ہونے لگی۔ پال کے بیٹے نے ٹیم کے اراکین سے بدسلوکی کی۔ اور دونوں گاڑیاں لے کر اٹاوہ کی طرف چلے گئے۔ اسٹیٹک ٹیم کے مجسٹریٹ اقبال محمد نے بی جے پی امیدوار جگدمبکا پال کی گاڑی، گاڑی کے ڈرائیور وپال کے بیٹے ابھیشیک کے خلاف عوامی نمائندہ قانون اور جرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد گاڑی اور ملزمین کی تلاش شروع کردی ہے۔ اس سلسلہ میں اسٹیٹک مجسٹریٹ نے بتایا کہ ٹیم نے ڈومریاگنج تھانہ کے سب انسپکٹر،کانسٹبل شمس تبریز اور شری کانت وغیرہ شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران کثیر تعداد میں کلینڈر اور پوسٹر وغیرہ برآمد کئے گئے۔