لکھنؤ:بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی )کی صدر مایاوتی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)پر ریزرویشن ختم کرنے کی سازش کرنے کاالزام لگایا ہے ۔
محترمہ مایاوتی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سنگھ اور اس سے ذیلی تنظیمیں کافی دنوں سے ریزرویشن ختم کرنے کی کوشش میں ہیں۔سنگھ کے ترجمان اور تشہیر کے چیف من موہن وید کے بیان کووہ اسی نظریے سے دیکھتی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ اترپردیش میں اگر بی جے پی کی حکومت بنی تو ان کا حوصلہ بڑھے گا اور وہ ریزرویشن ختم کردیں گے ،جس سے بچنے کے لئے اب بی جے پی کو ووٹ دینا ضروری ہوگیا ہے ۔
انہوں نے دہرایا کہ مسلمانوں اور اونچی ذات کے غریب کو بھی ریزرویشن ملنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھاکہ ریزرویشن دلتوں اور پسماندوں کا آئینی حق ہے ۔اسے بی جے پی یا سنگھ کے لوگ چھین نہیں سکتے ۔اس کے لئے پارلیمنٹ سے قانون پاس کروانا پڑے گا اور ایسی کوشش کرنے والوں کو پسماندہ اور دلت مل کر دن میں ہی تارے دکھا دیں گے ۔ریزرویشن ختم کرنے کی بات کرنے والوں کو پچھڑوں اور دلتوں کی آبادی کا بھی دھیان رکھنا چاہئے ۔ریزرویشن ختم کرنے کی دھمکی دینے والوں کو عوام سبق سکھائیں گے ۔