نئی دہلی، 12جون(یو این آئی) دہلی میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین کی ہڑتال پر عام آدمی پارٹی (آپ) نے آج بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی والوں کو اپنی شکست کی سز ا دے رہی ہے ۔دہلی میں آپ کے رہنما دلیپ پانڈے نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ منگولیا کو دینے کے لئے مرکزی حکومت کے پاس ہزاروں کروڑ روپے ہیں لیکن منگول پوری کے ایم سی ڈی ملازمین کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ دہلی کے لوگوں کو عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے کی سزا مت دیجئے ۔ ایسی سیاست مت کیجئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دو اکتوبر کو جب صفائی مہم شرو ع کی تھی تو آپ کے کارکنوں اور خود وزیر اعلی اروند کیجریوال اس مہم میں شامل ہوئے تھے لیکن صفائی مہم کا صرف پروپیگنڈہ ہوا کوئی کام نہیں ہوا ۔