اٹاوہ(نامہ نگار)مین پوری پارلیمانی نشست کے ضمنی انتخاب کے موقع پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے چین کے تئیں ناراضگی ظاہر کی۔ملک کی سرزمین پر مسلسل قبضہ کرنے والی چین سے انھوں نے ہوشیار رہنے کی وکالت کرنے کے علاوہ پاکستان کی دہشت گردانہ کوششوںکو بھی ملک کیلئے خطرہ قراردیا۔ملائم سنگھ نے انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی عوام کو چین اور پاکستان کے ناپاک ارادوں سے نجات دلادیتے ہیں تو وہ وزیراعظم نریندرمودی کوپھولوںکا ہار پہناکر ان کا خیر مقدم کرنے سے پرہیز نہیں کریں گے ۔ بی جے پی کے خلاف حملہ آو ہوتے ہوئے ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی فریب اورافواہ پھیلانے کی سیاست سے بازآجائے۔ کیونکہ وزیراعظم اسی فریب کے ذریعہ اقتدار حاص
ل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔لیکن وزیراعظم گرانی پر روک لگانے میں مکمل طورسے ناکام ہوگئے ہیں ۔ قصبہ کے رام لیلا میدان میںعوام سے خطاب کرتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ چین دنیا کا سب سے بڑادھوکادینے والا ملک ہے ۔ چین نے پنڈت جواہر لال نہر و کے ساتھ غداری کی۔انھوں نے کہ دعویٰ کیا کہ نریندرمودی پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ چین بیحد چالاک ملک ہے چین نے ملک کی ایک لاکھ مربعہ کلو میٹر اورپاکستان نے کشمیر کے کچھ حصہ پر ناجائز قبضہ کرلیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوںکو روزگارمہیا کرانے کا خواب بی جے پی نے دکھایا وہ بھی پورانہیںہوا۔ مرکزی حکومت ہرمحاذ پر ناکام ہوگئی ہے ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں۔ بی جے پی کے لوگ پتھروںکی مورتیوںکو دودھ پلادیتے ہیں ۔بی جے پی ملک کے ہندومسلمانوں کو تقسیم کررہی ہے۔لیکن ہم ان کے منصوبوںکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے نریندرمودی کو چالاک شخص قراردیتے ہوئے کہاکہ مودی پوری دنیا میں اپنی سیاسی چھاپ چھوڑ نے کیلئے بے قرارہیں۔مسٹریادو نے اکھلیش حکومت کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے ہرطبقہ کو مستفید کرنے کا کام کیا۔حکومت نے کسانوں کے قرض معاف کردئے ہیں۔مسٹریادو نے کہا کہ اعظم گڑھ سے الیکشن لڑنا ان کی مجبوری تھی پوروانچل کے لوگوں کے مطالبہ پرہی انھوں نے اعظم گڑھ سے الیکشن لڑا۔ اس سے قبل سماج وادی پارٹی کے شہر صدر راہل گپتا ، راجیو یادو، محمد احسان وغیرہ نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ کا خیر مقدم کیا۔ جلسہ کو شیو پال سنگھ یادو، صدر رکن اسمبلی، ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری رام جیت لال سومن وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔