نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات کے لئے سیٹوں کی تقسیم کے بعد اب قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی اتحادی پارٹیوں کے درمیان کچھ انتخابی حلقوں پر دعویداری کے سلسلے میں تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو 43 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے لیکن اوپیندر کشواہا کی زیر قیادت راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی) اس سے کافی ناراض ہے ۔ وہ اس بات سے بے حد خفاہے کہ بی جے پی نے اتحاد کے تقاضے پر عمل کئے بغیر یکطرفہ طورپر امیدواروں کا اعلان کر دیا۔
آر ایل ایس پی کے قومی ترجمان اور جنرل سکریٹری فضل امام ملک نے یو این آئ¸ سے کہا کہ ان کی پارٹی نے سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کبھی کوئی اعتراض نہیں کیا لیکن بی جے پی نے مشورے کئے بغیر اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی۔انہوں نے کہا کہ “یہ اتحاد کی روایت کے خلاف ہے ۔ ابھی صرف سیٹوں کی تقسیم ہوئ¸ تھی، مگر یہ طے نہیں ہوا تھا کہ کس حلقہ سے کون الیکشن لڑے گا۔ بی جے پی نے ہمیں اعتماد میں لئے بغیر ہی امیدواروں کا حلقہ طے کردیا”۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اس بات پر بھی مول بھا کر رہی ہے کہ ہمارا کون سا لیڈر کہاں سے انتخابات لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کرنے کا حق صرف آر ایل ایس پی کو ہے کہ اس کا کون سا امیدوار کہاں سے الیکشن لڑے گا۔