لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اکھلیش حکومت پر اپنے ہی ذریعہ کئے گئے وعدوں سے منحرف ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کابینہ کے جلسہ میں ڈیزل وپیٹرول پر ویٹ کی شرحوں میں اضافہ کرنے کے فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ریاستی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی ناکامیوں کی تہمت میڈیا پر تھوپ کر اور بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں اور بدایوں کے واقعہ پر کارروائی کی بات کو تسلیم کر رہے ہیں لیکن وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ ریاست میں روزانہ خواتین کی آبروریزی اور حیوانیت کے واقعات پر موثر طریقہ سے قابو پانے کیلئے کون سے طریقے اختیار کر رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ انتخابات ختم ہوئے ابھی ایک ماہ بھی مکمل نہیں ہوا ہے اور عوام کو مہنگائی کاایک تحفہ اکھلیش حکومت نے دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کی مایوسی کے سبب اکھلیش حکومت اپنے ہی فیصلوں سے منحرف ہو رہی ہے۔ ریاست کا نظم و نسق بد سے بدتر ہو گیا ہے اور ریاست میں غیر یقینی حالات پیدا ہوتے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ علی گڑھ میں حفاظتی علاقہ کے ججز کمپاؤنڈ میں خاتون جج کے ساتھ واردات نے حکومت کے طریقہ کار پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔