دہرہ دون، 19 دسمبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹہری باند کی وجہ سے بے گھر ہوئے لوگوں کے لئے الاٹ کی گئی زمین کے مبینہ گھپلہ اور دیگر زمین گھپلوں کی جانچ سی بی آئی سے کراکے قصورواروں کو سزا دی جائے۔بی جے پی کے لیڈر اجے بھٹ نے کل یہاں الزام لگایا کہ جب سے یہاں کانگریس سرکار اقتدار میں آئی ہے تب سے زمینی گھپلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سرکار کے دباؤ میں آکر اس وقت کے ڈائریکٹر نے ٹہری کی وجہ سے منتقل کئے گئے لوگوں کی زمین دوسروں کو الاٹ کردی۔اس معاملہ میں ڈائرکٹر اور سابق ڈسٹرکٹ کلکٹر کا رول مشکوک ہے۔