لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کی پالیسیوں اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی قیادت میں حکومت کی حصولیابیوں سے متاثر ہوکر آج بی جے پی، کانگریس، بی ایس پی اور عام آدمی کے سیکڑوں لیڈر اور کارکنان سماج وادی پارٹی میں شامل ہو گئے۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی موجودگی میں فتح پور ضلع کے جہانا آباد علاقہ کے سابق بی جے پی امیدوار جے کمار سنگھ عرف جیکی، سابق بلاک پرمکھ امولی، ان کی اہلیہ سشیلا سنگھ، پیس پارٹی کے سیتا رام یادو، سابق رکن ضلع پنچایت رودر پور، کانگریس کے سدھیر ترپاٹھی ، سابق بلاک پرمکھ اسودھر ، فتح پور اور بی ایس پی کے سرویش کمار دیویدی اور لال سنگھ کے ساتھ ان کے سیکڑوں ساتھی ، پردھان ، سابق پردھان، بی ڈی سی، ارکان اور تاجر یونین کے عہدیدار سماج وادی پارٹی میں شامل ہو گئے۔انہوں نے پارلیمانی انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کو اکثریت سے کامیاب بنانے اور ملائم سنگھ یادو کو ملک کا وزیر اعظم بنانے کا عہد کیا۔ ملائم سنگھ یادو نے پارٹی میں شامل لیڈوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سماج وادی پارٹی میں شامل ہونے کا پیغام دور دور تک جائے گا۔ سماجوادی پارٹی میں جس امید کے ساتھ شامل ہوئے ہیں ان امیدوں کو پورا کیاجائے گا۔ ملائم سنگھ یادو نے سماج وادی پارٹی کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلمانی انتخابات پارٹی اور ملک کیلئے بہت اہم ہیں۔ اصلی طاقت مرکز کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے ریاست میں ترقیاتی کام کئے ہیں جبکہ بی جے پی تشہیر کے ذریعہ اپنے حق میں ماحول بنا رہی ہے۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یاد ونے کہا کہ بی جے پی دو ہزار کروڑ روپئے اشتہارات پر خرچ کر رہی ہے اس سے بدعنوانی میںاضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ گجرات ماڈل نام کی کوئی چیز نہیں ہے یہ صرف جھوٹ اور فریب ہے۔ انہوںنے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت نے بہتر کام کیا ہے اور کسی بھی صوبہ کی حکومت کا سماج وادی پارٹی کی حصولیابیوں سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ جے کمار سنگھ کے علاوہ عام آدمی پارٹی کانپور کے شہر سکریٹری چندر شیکھر ترپاٹھی، کانپور شہر تاجر یونین کے صدر راکیش ورما، سنتوش اگرہری، تمام بی ڈی سی ، سابق پردھان، سدھیر ترپاٹھی، بی ایس پی کے کملیش گپتا، سرویندر تیاگی، ضلع کانگریس سیوا دل، بی ڈی سی پردھان وغیرہ سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے۔