لکھنؤ:راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہراکر ملک کی سیاست کو صاف ستھرا کرنا ہے ۔
سماجوادی پارٹی(ایس پی)کے سلور جوبلی پروگرام میں شامل ہونے آئے مسٹر یادو نے کہا کہ جب سے مرکز میں بی جے پی اقتدار میں آئی ہے تب سے فرقہ واریت کو بڑھاوامل رہاہے ۔بی جے پی کو ہراکر ملک میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے ۔اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس ریاست میں عظیم اتحاد کے بارے میں انہوں نے واضح طور پر کچھ نہیں کہا لیکن یہ بھی کہا کہ سیکولر ووٹوں کی تقسیم ہر حال میں رکنی چاہیے تاکہ بہار کی طرح بی جے پی کو آسانی سے ہرایا جاسکے ۔اسی دوران ،جنیشور مشر پارک میں منعقد ایس پی کی سلور جوبلی تقریب میں بڑی تعداد میں بھیڑ پہنچ گئی ہے ۔وزیر اعلی اکھلیش یادو کے حامی ان کی تصویر لے کر تقریب میں پہنچے ہیں۔قانون ساز کونسل کے رکن سنی یادو کا کہنا ہے کہ پارٹی نیتاجی(ملائم سنگھ یادو)کی ہے اور پارٹی کا چہرہ اکھیلیش یادو کا ہے ،اس لئے یہ پروگرام نیتا جی کا ہے اور پارٹی کا مستقبل اکھیلیش یادو ہیں۔انہوں نے شیوپال سنگھ یادو کا نام نہیں لیا۔ دوسری جانب ،امبیڈکر نگر سے آئے شیام لال پردھان نے کہا کہ شیو پال یادو نے بھی پارٹی کھڑی کرنے میں کافی محنت کی ہے ۔ان کونظرانداز کرکے پارٹی کو مضبوط نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے نوجوانوں سے نہ بہکنے کی اپیل کی۔سنی یادو کے خیالات سے مختلف نظر آرہے تقریباً 45سالہ پردھان نے کہا کہ اختلافات کو بڑھاوا دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ پارٹی کو اور مضبوط کیا جاسکے ۔
پروگرام کی وجہ سے لکھنؤ کے علاقے گومتی نگرعلاقے میں جام کی مشکل پیدا ہوگئی ہے ۔گاڑیاں بے ترتیب کھڑی نظر آرہی ہیں۔سماجوادی پارٹی کی بھیڑ سے مقامی لوگ پریشان نظرا ٓرہے ہیں۔تقریب میں شامل ہونے کے لئے رات سے ہی لوگوں کا ہجوم جمع ہونا شروع ہوگیا تھا۔ان کے رہنے کھانے کا انتظام ان کے علاقائی رہنماؤں نے کیا ہوا ہے ۔تقریب کی جگہ پر بھی کھانے اور پانی کا انتظام ہے ۔پروگرام میں آنے والے لوگ سماجوادی ملائم سنگھ یادو زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔
گزشتہ تین نومبر کو وزیراعلی اکھلیش یادو کی وکاس یاترا میں زیادہ تر ہورڈنگس اور بینر میں انہی کی تصویر نظر آرہی تھی لیکن آج صورت حال بدلی ہوئی ہے ۔آج کے ہورڈنگس اوربینر میں ملائم سنگھ یادو کے ساتھ شیوپال سنگھ یادو کی تصویر زیادہ نظر آرہی ہے ،حالانکہ وزیراعلی کی تصویر بھی کم نہیں لگی ہے ۔
اسٹیج پر اکھیلیش یادو اپنے چچا اور پارٹی کے ریاستی صدر سے پروگرام کے بارے میں گفتگو کرتے نظر آئے ۔دونوں نے تقریباً پانچ منٹ تک بات کی۔