نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی)کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اج کہا کہ اس کے پاس ملک کو چلانے کے لئے کوئی پالیسی نہیں ہے اور وہ سابقہ حکومت کی انہیں پالیسیوں کو آگے بڑھا رہی ہے جس کی اس نے کبھی شدید مخالفت کی تھی۔محترمہ گاندھی نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے دس ہفتے کے کام کاج سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ بی جے پی کے پاس ملک کو دینے کے لئے کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ بی جے پی سابقہ یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کو چرا رہی ہے لیکن ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس میں کچھ بھی نیا نہیں ہے ۔ انہوں نے ہماری پالیسیوں کو آگے بڑھایا ہے اور ہمارے خیالات کو چرایا ہے۔ ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ نئی حکومت اشیاء اور سروس ٹیکس ، گنا کسانوں کو سبسڈی، ریلوے اور ڈیژل کی قیمتیں بڑھانے، بیمہ کے سیکٹر میں غیر ملکی راست سرمایہ کاری اور یو پی اے کی دیگر
اہم منصوبوں کی حمایت کررہی ہے۔ یہ وہی پالیسیاں ہیں جن کی اس نے شدید مخالفت کی تھی۔