سہرسہ: جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ شرد یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) گائے کی پونچھ پکڑ کر بہار میں اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے ۔
مسٹر یادو نے مدھے پورہ اسمبلی حلقے کے ماڈل مڈل اسکول بھیرکی بازار کے پولنگ اسٹیشن نمبر 186 پر ووٹ دینے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ بہار میں عظیم اتحاد کی سرکار بننا طے ہے ۔عظیم اتحاد دو تہائی ووٹوں سے سرکار بنائے گی۔جنتا دل یونائیٹیڈ کے صدر نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں وزیراعظم نے جتنی ریلیاں کیں ان کا فائدہ عظیم اتحاد کو ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی گائے کی پونچھ پکڑ کر بہار میں اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ۔
جنتادل یونائٹیڈ کے لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست کے عوام کو پاکستانی کہہ کر ان کی بے عزتی کی ہے ۔ عوام عظیم اتحاد کے حق میں ووٹ دے کر اس بے عزتی کا بدلہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران کا یہ بیان قابل مذمت ہے ۔مسٹر یادو نے فلم اداکار شاہ رخ کے بارے میں بی جے پی لیڈران کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر خان ایک اداکار ہیں اور انہیں کروڑوں ہندستانیوں کا پیار ملا ہوا ہے ۔ جے ڈی یو کے لیڈر نے کہا کہ سماج کی تشکیل میں ادیبوں، اداکاروں ، سائنس دانوں اور سماجی کارکنوں سمیت دیگر افراد کا بھی اہم رول بنتا ہے ۔ بی جے پی نے اپنے کارناموں سے ان سبھی لوگوں کی توہین کی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ادیب اور سائنس داں اپنے اعزاز اور انعامات واپس کررہے ہیں۔