نئی دہلی، 25 اکتوبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قومی نائب صدر اوما بھارتی نے ہریانہ میں پارٹی کی حکومت کے قیام کے لئے عصمت دری اور قتل کے ملزم ممبر اسمبلی گوپال کانڈا کی حمایت حاصل کرنے کوششوں پر آج اعتراض کرتے ہوئے پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اقتدار کے لئے اپنی اخلاقی بنیاد کو نہ بھولیں۔
گنگا کے کنارے ہمالیہ میں قیام کر رہیں سابق مرکزی وزیر محترمہ بھارتی نے ٹویٹر پر مسلسل آٹھ ٹویٹ کرکے ہریانہ اور مہاراشٹر کے انتخابات کے نتائج پر اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مجھے اطلاع ملی ہے کہ ہم ہریانہ میں بھی حکومت بنا سکتے ہیں۔ یہ ایک اچھی خبر ہے. ….. مجھے اطلاع ملی ہے کہ گوپال کانڈا نامی ایک آزاد ممبر اسمبلی کی حمایت بھی ہمیں مل سکتی ہے۔ اسی پر مجھے کچھ کہنا ہے …
محترمہ بھارتی نے کہا، “اگر گوپال کانڈا وہی شخص ہے جس کی وجہ سے ایک لڑکی نے خود کشی کی تھی اور اس کی ماں نے بھی انصاف نہ ملنے پر خود کشی کر لی تھی، معاملہ ابھی عدالت میں زیر غور ہے اور وہ شخص ضمانت پر باہر ہے .. گوپال کانڈا بے قصور ہے یا مجرم، یہ تو قانون، ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرے گا، لیکن اس کا الیکشن جیتنا اسے جرائم سے بری نہیں کرتا۔ الیکشن جیتنے کے بہت سے عوامل ہوتے ہیں۔ میں بی جے پی قیادت سے درخواست کروں گی کہ ہم اپنی اخلاقی قدروں کو نہ بھولیں‘‘۔