لکھنؤ(نامہ نگار)بخشی کا تالاب علاقہ میں رہنے والے گڑ تاجر نوشاد علی کی اہلیہ شمس النساء کا قتل کسی اور نے نہیں بلکہ اس کے سوتیلے بیٹے نے روپئے کی لالچ میں کیا تھا۔ پولیس نے قتل کا راز فاش کرتے ہوئے ملزم بیٹے، اس کی محبوبہ اور ایک ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔
ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ بھولا پوروا گاؤں کے رہنے والے گڑ تاجر نوشاد علی کی بیوی شمس النساء کا گذشتہ ۲۷؍اکتوبر کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ کنبہ کے لوگوں نے لوٹ مار کے دوران قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کی تو لوٹ کی بات صحیح نہیں پائی گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کوشمس النساء کے سوتیلے بیٹے نفیس پر شک ہوا پولیس کو یہ بھی پتہ چلا کہ نفیس اپنے کنبہ کے ساتھ نہ رہ کر برگدی میں رہنے والی اپنی محبوبہ سنیتا کے ساتھ رہتا ہے۔ پولیس نے سرویلانس کی مدد لی تو واردات کے وقت نفیس کی لوکیشن جائے واردات کے نزدیک ملی۔ پولیس نے جب سنیتا کے بارے میں معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ سنیتا پہلے سے شادی شدہ ہے اور
اس کا شوہر پپو بی کے ٹی تھانہ کا ہسٹری شیٹر ہے۔ اس کے بعد گذشتہ شب بی کے ٹی پولیس نے نفیس ، سنیتا اور نفیس کے ایک ساتھی سیتاپور کے خالد کو استی موڑ کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔پوچھ گچھ کی گئی تو ان لوگوںنے ہسٹری شیٹر پپو کے ساتھ مل کر شمس النساء کا قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم نفیس نے بتایا کہ شمس النساء اکثر سنیتا سے اس کے تعلقات کی مخالفت کرتی تھی۔ کچھ عرصہ قبل شمس النساء نے زمین فروخت کی تھی۔ نفیس اپنی سوتیلی ماں سے فروخت کی گئی زمین سے ملی رقم میں اپنے حصہ کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اسی وجہ سے نفیس نے اپنی محبوبہ، ساتھی اور ہسٹری شیٹر کے ساتھ مل کر شمس النساء کا قتل کر دیا۔