لکھنؤ ۔ ( نامہ نگار)غیر قانونی طور سے اصول وضوابط کو بالائے طاق رکھ کر راجدھانی اور آس پاس چل رہی بسوں سے سفر لوگوں کیلئے موت کا سفر ثابت ہو رہا ہے ۔ ملیح آباد علاقے میں ایک ڈگا مار بس اچانک بے قابو ہوکر پلٹ گئی ۔ حادثہ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی جبکہ ایک درجن افراد زخمی ہوگئے جن کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ایس پی دیہی سومتر یادو نے بتایا کہ ایک پرائیوٹ بس ملیح آباد سے ٹھاکر گنج کی طرف سواریاں لے کر آرہی تھی۔ محمود نگر کے پاس اوور ٹیک کی کوشش میں ڈرائیور اپنا قابو برقرار نہ رکھ سکا اور بس پلٹ گئی ۔ حادثہ میں ٹھاکر گنج برف خانہ کے سپاہی بینی رام کی ۴۵ سالہ بیوی شیو رانی کی موت ہوگئی جبکہ رام سوروپ ، امر کانت ، ببلو ، رام کشور ، واجد ، اوم پرکاش ، رام کمار ، اچھو ، کشن اور کریلا شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو ٹراما سینٹر پہونچایا ۔ڈاکٹروں نے یہاں شیو رانی کو مردہ قرار دے دیا ۔ شیو رانی کے پاس سے ملے موبائل فون کی بنیاد پر اس کی شناخت ہوئی اور گھر والوں کو مطلع کیا ۔ حادثہ کے بعد ملزم بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔