ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ رو?نہ ٹنڈن سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر مبنی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔بھارتی ویب سائیٹ کے مطابق بالی ووڈ میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے، جس میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لئے پہلے ودیا بالن کو پیشکش کی گئی تھی تاہم ان کے انکار کے بعد یہ کردار روینا ٹنڈن کو پیش کیا گیا جس پر انہوں نے حامی بھر لی ہے۔ روینہ نے فلم کی کہانی کے مصنف کو اسکرپٹ میں بعض تبدیلیوں کا بھی مشورہ دیا ہے اس کے علاوہ وہ اس فلم کو خود پروڈیوس بھی کرنا چاہتی ہیں۔این ڈی ٹی وی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’چند دن پہلے، روینہ نے اس فلم کے اسکرپٹ رائٹر سے ملاقات کی تھی، اور انہوں نے فلم کا موضوع انہیں سنایا تھا۔ روینہ نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا ہے اور اس کو پسند بھی کیا ہے۔ یہ ایک مضبوط کردار ہے اور وہ اس کردار کو حاصل کرنے کی خواہشمند ہیں۔‘‘یہ بھی بتایا گیا ہے کہ روینہ نے
جرأت مند منصوبے کو پروڈیوس کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے این ڈی ٹی وی نے مزید بتایا کہ ’’یہ کہانی واضح طور پر بے نظیر بھٹو کی زندگی کی بنیاد پر تحریر کی گئی ہے۔ روینہ نے اسکرپٹ میں کچھ تبدیلیوں کا مشورہ دیا اور جیسے ہی یہ تبدیلیاں مکمل ہوجائیں گی، وہ اس کے لیے ایک ڈائریکٹر کی تلاش شروع کردیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ فلم کی باقی کاسٹ بھی فائنل کردی جائے گی۔‘‘ روینا ٹنڈن اس سے قبل سنہ 2012 میں آنے والی فلم ’بڈھا ہوگا تیرا باپ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئی تھیں۔رنبیر کپور کی آنے والی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ میں بھی ان کا ایک مختصر سا کردار ہے۔روینا ٹنڈن کو ’دامن‘، ’پتھر کے پھول‘ اور فلم ’عکس‘ کے لیے متعدد انعامات مل چکے ہیں جن میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔