لکھنؤ(نامہ نگار)ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے سنیچر کو اندر انگر بھوت ناتھ مارکیٹ سے آدرش ویاپارمنڈل ٹرانس گومتی کے تعاون سے منعقد ووٹر بیداری گاڑی ریلی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ فیصد کو بڑھائے جانے اور ووٹروں میں ووٹنگ بیداری پید اکرنے کیلئے گاڑی ریلی نکالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر بیداری مہم کے تحت ووٹر بیداری میں آدرش ویاپار منڈل کے نمائندوں کی جانب سے پورا تعاون کیاجا رہا ہے۔ریلی میں ہر ووٹ میں طاقت ہے، ووٹ حب الوطنی ہے، پہلے ووٹ کا استعمال پھر جل پان، جب کریںگے ہم مت دان، تبھی بنے گا دیش مہان‘ جیسے نعرے لوگ لگا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صد فیصد ووٹنگ کیلئے رائے دہندگان کو بیدار کیاجارہا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ یہ بیداری ریلی بھوت ناتھ بازار سے شروع ہو کر پالیٹکنک چوراہا، فیض آباد روڈ، نشاط گنج، آئی ٹی کالج، کپور تھلا، پرنیا، ڈنڈئیا بازار، رحیم نگر، خرم نگر، منشی پلیا، اندرا نگر بی بلاک ہوتے ہوئے بھوت ناتھ مارکیٹ
پر ختم ہوئی۔
اس موقع پر سنجے گپتا نے کہا کہ ہماراووٹ ملک کو صحیح سمت میں لے جانے کا پہلا قدم ہے۔ سبھی کو اپنے ملک کی ترقی کیلئے پہلا قدم ضرور اٹھانا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے پاس سب سے بڑی طاقت ووٹ کی ہے اوراس کا موقع ہمیںنہیں گنوانا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کرتے ہیں انہیں ملک کے کسی بھی مسئلہ پر تبصرہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔