دوشنبے: تاجکستان کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 7.2 تھی.تاجکستان میں آنے والے
زلزلے کے جھٹکے پاکستان اور ہندوستان کے کئی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اور اس کا مرکز تاجکستان کے شہر مرغاب سے 109 کلو میٹر مغرب میں 28 کلو میٹر زیر زمین تھا۔
زلزلے سے ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
پاکستان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، سوات، چترال، گلگت بلتستان، ایبٹ آباد، شانگلہ، مالاکنڈ ڈویژن، اپر دیر، لوئر دیر اور گردو نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ رواں سال 26 اکتوبر کو خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں بھی 7.2 شدت کا قیامت خیز زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً 300 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
زلزلے کے باعث عمارتوں کی چھتیں اور مٹی کے تودے گرنے سے تقریباً 3 ہزار افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔