لکھنو:امین آباد بجلی گھر پر تار لگی پتنگ گرنے سے دھماکہ کے ساتھ بجلی غائب ہوگئی ۔شام ساڑھے چار بجے پتنگ گری جس کے بعد نصف گھنٹے کےلئے فراہمی بند ہوگئی ۔ امین آباد سیکشن کے ایگزیکٹوانجینئر انل کمار کے مطابق تار لگی پتنگ سب اسٹیشن کے یارڈ میں گری جس سے انکمنگ لائن خراب ہوگئی اور پورا بجلی گھر بندہوگیا۔ اس سے امین آباد کے سبھی علاقوں میںاندھیرا چھاگیا ۔ انہوں نے بتایاکہ سپلائی کودوبارہ چالو کرانے میں نصف گھنٹہ لگ گیا۔ اس دوران لوگ بجلی گھر پر پہنچ گئے ۔ اس حادثہ کے بعد چیف انجینئر لیسا ایس کے ورما نے ضلع انتظامیہ سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ پتنگ کی تار کی فروخت پر روک لگوائی جائے تاکہ اس قسم کی واردات نہ ہو۔ واضح ہوکہ تار لگی پتنگوں سے نیبوپارک ٹراسمیشن بجلی گھر پر آئے دن دھماکے ہوا کرتے تھے ۔ جسے دیکھتے ہوئے سب اسٹیشن کے یارڈ میں جال لگایاگیاتھا ۔ جال لگانے میں بجلی محکمہ کو دس لاکھ روپئے صرف کرنے پڑے تھے ۔ چیف انجینئر نے بتایاکہ مرمتی کام کے سبب دوشنبہ کو ڈالی گنج سیکشن کے کئی علاقوں میں سپلائی متاثر رہے گی ۔ انہوںنے بتایاکہ بھیکھم پور سب اسٹیشن پر ساڑھے دس بجے سے ڈیڑھ بجے تک بجلی فراہمی بند رہے گی ۔ اس دوران پیپر مل اور نشاد گنج علاقوںمیں بجلی نہیں آئے گی ۔