سری نگر: خطہ لداخ کو وادی کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ کو ایک بار پھر بھاری برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔
ایک ٹریفک پولیس افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ ‘ڈویژنل کمشنر کشمیر کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی رو سے 434 کلو میٹر طویل سری نگر لیہہ قومی شاہراہ کو اگلے احکامات تک بند کردیا گیا ہے ’۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ خاص طور پر سونہ مرگ اور زوجیلا کے درمیان اور مین مرگ میں تازہ برف باری ہوئی جس کے بعد انتظامیہ کو اسے مجبوراً بند کرنا پڑا۔ ٹریفک پولیس افسر نے بتایا کہ شاہراہ کو 4 نومبر کو ایک سے دو فٹ برف جمع ہوجانے کے بعد بند کردیا گیا تھا۔
تاہم مسلسل چار روز تک بند رہنے کے بعد اسے 8 نومبر کو دوپہر کے وقت گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ مگر کل رات تازہ برف باری ہونے کے بعد اسے ایک بار پھر بند کردیا گیا۔ مذکورہ ٹریفک پولیس افسر نے بتایا کہ تب تک شاہراہ پر نئی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ نہ درماندہ گاڑیاں اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ نہیں کی جاتی ہیں۔