لکھنؤ(نامہ نگار)راجہ جی پورم میںمنگل کی صبح اسلحہ سے لیس دو بدمعاش ایک گٹکھا تاجر کے گھر میں زبردستی داخل ہو گئے۔ بدمعاشوں نے مکان کے منشی/کیئر ٹیکر کو ماراپیٹا اور اس کو یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے تیسری منزل پر واقع کمرے میں داخل ہو کر لوٹ مار کی اور وہاں سے فرار ہو گئے۔ بدمعاشوں کے فرار ہونے کے بعد کیئر ٹیکر نے شور مچا دیا شور سن کر مقامی لوگ مدد کیلئے جمع ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد رپورٹ درج کر لی ہے۔
ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ ہرشرنگار گٹکھا کے کاروبار کیلاش ناتھ پٹیل کے راجہ جی پورم سیکٹر ای میں دو مکان ہیں۔ مکان نمبر ۳۵۵۷سہ منزلہ ہے اور اس میں کیلاش ناتھ کے رشتہ دار کا لڑکا کانپور کا آدرش پٹیل تیسری منزل پر ایک کمرے میں رہتا ہے۔ مکان کی دیکھ بھال کا کام منشی راس بہاری کرتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ایک ہفتے سے آدرش پٹیل کسی کام کے سلسلہ میں باہر گیا ہوا تھامنگل کی صبح کیئر ٹیکر راج بہاری روز کی طرح مکان پر پہنچا اس نے جیسے ہی مکان کا تالا
کھولا چار بدمعاش اسے دھکا دیتے ہوئے اندر داخل ہو گئے۔بدمعاشوں نے اسلحہ نکال لیا اور راج بہاری کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کو بیت الخلاء کے نزدیک ڈال دیا۔ بدمعاشوں نے اس کے منہ پر ٹیپ بھی لگا دیا جس سے وہ شور نہ کر سکے۸۔ اس کے بعد بدمعاش مکان کی تیسری منزل پر بنے کمرے میں پہنچے۔ بدمعاشوں نے کمرے میںرکھی نقدی اور زیورات لوٹے اور فرار ہو گئے۔ اس کے بعد منشی راس بہاری کسی طرح چینل کے نزدیک پہنچا اور چینل کے نزدیک رکھی چھتری کی مدد سے کھڑکی میں لگی سٹکنی کھولی۔ ٹیپ سے بند منہ سے چیخنے کی کوشش کرنے لگا تبھی وہاں سے گزر رہے پڑوسی دنیش سینی عرف مکیش نے کراہنے کی آواز سنی۔اس نے کھڑ کی سے جھانکاتودیکھا کہ منشی راس بہاری مشرا زمین پر بندھے ہوئے پڑے ہیں۔ اس کے بعد دنیش نے کسی طرح ان کے ہاتھ کھولے تب راس بہاری مشرا چینل گیٹ سے باہر نکلے۔ وہیں اطلاع ملنے پر موقع پر تالکٹورہ پولیس اور سی او بازرا کھالہ راج کمار اگروال بھی پہنچ گئے۔ پولیس نے لوٹ کی اطلاع کیلاش ناتھ پٹیل کو بھی دی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اس معاملہ میں دو بدمعاشوں کے خلاف لوٹ کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ بدمعاش آدرش کے کمرے سے ۷۰ہزار روپئے نقد اور لاکھوں روپئے کے سونے کے زیورات لوٹ لے گئے ہیں۔
پولیس نے معاملہ کی تفتیش کیلئے فنگر پرنٹ ماہرین اور ڈاگ اسکوائڈ کو بھی بلایا۔ڈاگ اسکوائڈ جائے واردات سے نکلنے کے بعد مکان کے نیچے پہنچا اور نیچے پہنچنے کے بعد باہر نکل گیا اور کچھ دور پانی کی ٹنکی کے نزدیک جا کر ٹھہر گیا۔