کانپور،( نامہ نگار) آل انڈیا اقلیتی بورڈ کے صدر الحاج حافظ وقاری عبدالقدوس ہادی صدر شہری جمعیۃ علماء کانپور نے کہاکہ اس وقت پورا ملک خصوصاً صوبہ اترپردیش فرقہ پرستوں کی فسادگاہ بنا ہوا ہے۔ فرقہ پرست ہر حال میںملک کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ فرقہ پرست عناصر کھلم کھلا مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کررہے ہیں ۔ پولیس انتظامیہ محض تماشائی بنی رہتی ہے۔ ملک کے قانون کو بالائے طاق رکھ دیا گیاہے۔ جگہ جگہ مسلمانوں اور عیسائیوں کو زبردستی ہندو بنانے کی ناکام کوشش کرکے فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر مرکزی او
ر صوبائی حکومتوں نے اس پر لگام نہ لگائی تو ملک فساد کی زد میں آجائے گا جس سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ قاری عبدالقدوس ہادی نے کہاکہ آل انڈیا اقلیتی بورڈ نے گزشتہ ۱۱؍ دسمبر کو وزیراعظم صدر جمہوریہ اور وزیراعلیٰ اترپردیش کومخاطب ضلع مجسٹریٹ کانپور کو اس سلسلے میں ایک عرضداشت پیش کی گئی تھی لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیںکی ہے۔ اس سلسلے میں ۱۷ دسمبر کو شکشک پارک پریڈ چوراہا کانپور میں آل انڈیا اقلیتی بورڈ کانپور کی جانب سے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا جس میں یہ مطالبہ کیا جائے گاکہ پورے ملک میں جو فرقہ پرست عناصر مسلمانوں اور عیسائیوں کو زبردستی ہندو بنانے کی کوشش کرکے ملک کو فساد کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ لہذا ایسی ذہنیت رکھنے والے فرقہ پرستوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ گلزار اعظمی جو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے اہم ذمہ دار ہیں۔جوبے گناہ گرفتار نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام کررہے ہیں ان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ آل انڈیا اقلیتی بورڈ اس کے خلاف بھی مظاہرہ میں آواز اٹھائے گی کہ دھمکی دینے والوں کو فوراً گرفتار کیا جائے۔