نئی دہلی، 19 دسمبر (یو این ائی) تبدیلی ء مذہب کے مسئلے پر وزیراعظم نریندر مودی کو ایوان میں آکر جواب دینے کے مطالبے پر مصر رہنے والے اپوزیشن نے آج مسلسل پانچویں دن راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے وقفہ صفر نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر راجیہ سبھا کے چیئرمین حامد انصاری نے کل ہندستانی خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے ذریعہ جی ایس ایل وی (ایم کے ۔ 3) کے کامیاب تجربہ کے سلسلے میں سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرنے اور متعلقہ وزیروں کے ذریعہ کاغذات ایوان میں رکھنے کے بعد کانگریس کے ہنومنت راو نے پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو کے ذریعہ ان کے بارے میں
کئے گئے تبصرے کے لئے معافی مانگنے کا معاملہ اٹھایا۔ہنومنت راو کا کہنا تھا کہ کل پرسوں ایوان میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں کسی بھی غیر پارلیمانی زبان کا استعمال نہیں کیا تھا تو پھر مسٹر وینکیا نائیڈو نے اس دن ایک پریس کانفرنس میں یہ کیوں کہا کہ میں نے وزیراعظم کے خلاف غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا ہے۔مسٹر راو نے ایوان کے ڈپٹی چیئرمین پی جی کورین سے کہا کہ وہ ایوان کے ریکارڈ کی جانچ کرکے یہ پتہ لگاسکتے ہیں کہ میں نے وزیراعظم کے بارے میں کیا کہا تھا۔