تبسم یعنی تبو نے جنوبی ہندوستانی فلم کے ری میک درشیم میں ایک بے رحم پولیس والی کا کردار نبھایا ہے
بالی وڈ اداکارہ تبو نے فلم ’حیدر‘ میں ماں کا کردار ادا کیا تھا لیکن انھیں ماں کا ’بورنگ‘ کردار پسند نہیں۔ تو آخر کردار کو منتخب کرنے کا ان کا پیمانہ کیا ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ کہانی اگر دلکش ہو تو اس سے انھیں پرہیز بھی نہیں۔ ویسے وہ مختلف النوع کردار کرنے کے لیے معروف ہیں۔
انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گلیمر والے رول ہر لڑکی کو پسند آتے ہیں اور انھوں نے بھی بہت سے ایسے کردار ادا کیے ہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں اس طرح سوچ کر کوئی فلم پسند نہیں کرتی۔ جو رول مجھے پسند آتے ہیں اور لگتا ہے کہ اسے کر کے مجھے ایکسائمنٹ ملے گی ویسا کردار کرتی ہوں۔ گلیمرس رول ہر لڑکی کو پسند ہوتے ہیں۔ میں نے بھی کیا بہت کیا اور اس سے بہت لطف اندوز ہوئی۔‘
تبو اب جنوبی ہندوستانی فلم کے ری میک درشیم میں اجے دیوگن کے سامنے ہیں۔ اس میں انھوں نے ایک بے رحم پولیس والی کا کردار نبھایا ہے جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ کرادر انھیں ’دلچسپ اور نیا لگا‘ اس لیے انھوں نے اسے منتخب کیا۔
اس کے علاوہ فلم ’فتور‘ میں وہ ریکھا کی جگہ ان کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
سلمان خان کے لیے فلم کی کامیابی کا معیار
سلمان کی فلم نے ایک ہفتے میں 184 کروڑ کا بزنس کیا
سلمان خان کی عید کے موقعے پر ریلیز ہونے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ نے باکس آفس پر کمائی کے کئی ریکارڈ قائم کیے اور وہ ایک ہفتے میں اس سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔
تاہم سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ کمائی کو فلم کی کامیابی کا پیمانہ نہیں مانتے ہیں۔
انھوں نے کہا: ’اگر فلم کمائی کرتی ہے اور اسے پذیرائی نہیں ملتی تو یہ بات اچھی نہیں لیکن اگر فلم کمائی نہ کرے اور لوگ اس کی پذیرائی کریں تو یہ میرے لیے زیادہ قابل قبول ہے۔‘
بہر حال سلمان خان کی فلم نے کمائی بھی کی اور پذیرائی بھی حاصل کی ہے۔
عید سے ایک دن قبل ریلیز ہونے کے سبب اس کا پہلے دن کا بزنس 27 کروڑ رہا جو کہ کئی اعتبار سے قابل قدر ہے تاہم بعد کے دو دنوں میں میں اس نے 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا۔
فلم بزنس کے ماہرین کے مطابق ایک ہفتے میں اس کی کمائی 170 کروڑ کے آس پاس ہونی چاہیے تھی لیکن اس نے اس سے زیادہ 184 کروڑ کا بزنس کیا جو کہ عامر خان کی فلم ’دھوم تھری‘ سے صرف چند لاکھ کم رہی۔
مسان بالآخر بھارت میں ریلیز
فلم مسان کی چہار جانب سے پزیرائی مل رہی ہے
فلم ’مسان‘ کئی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں ایوارڈز حاصل کرنے کے بعد اب بھارت میں ریلیز ہوئی ہے۔
فلم ناقدین نے اس فلم کو پسند کی نگاہ سے دیکھا ہے اور اس قسم کی غیر معمولی کہانیوں پر بننے والی فلم کو فروغ دینے کی بات کہی ہے۔
یہ فلم شمسان یا مردہ گھر یا مردوں کو جلانے کی جگہ اور ان سے منسلک لوگوں پر مبنی ہے۔
فلم ناقد ارنب بنرجی کے مطابق ’فلم دل کو چھوتی ہے اور عام لوگوں کی زندگی سے جڑی معلوم ہوتی ہے۔‘
جبکہ ناقد مینک شیکھر کے مطابق ’یہ فلم ڈرامائی آغاز کے بعد زندگی کی کہانی کہتی ہے، یہ محبت اور نقصان دونوں کے بارے میں بتاتی ہے۔ فلم چھوٹے شہر پر مبنی ہے، اس کا ہر آرٹسٹ اس کے پس منظر کی حقیقت کو ثابت کرتا ہے۔‘