ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تبو اب خود کو گلوکاری کے میدان میں بھی آزمائیں گی۔ فلم ”حیدر” کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور کمپوزر وشال بھردواج نے اداکارہ تبو کو اس فلم میں بطور سنگر اپنے ڈیبو کے لیے راضی کر لیا ہے۔ پروڈیوسر وشال بھردواج اپنی نئی فلم”حیدر ” کو ان دنوں فائنل ٹچ دے رہے ہیں۔ اس فلم کے لیے تبو نے ”روشے ولی” گانا ریکارڈ کرائیں گی جس کے کمپوزر بھی خود وشال بھردواج ہی ہیں۔ قبل ازیں رواں برس ہیں جب فلم ”حیدر” کی شوٹنگ کشمیر میں ہو رہی تھی تو اس دوران بھی تبو نے اپنی اداکاری کے دوران اس گانے کو گنگنایا جو کہ ان کی اداکاری ہی کا ایک حصہ تھا، اب ڈائریکٹر وشال بھردواج نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ مکمل گانا تبو ہی کی آواز میں اس فلم میں رکھا جائے گا، وشال تبو سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انھوں نے یہ گانا نہ صرف اپنی فلم میں رکھ لیا بلکہ اسے البم میں بھی شامل کر لیا ہے۔ فلم ”حیدر” میں تبو کے ساتھ شاہد کپور، شردھا کپور، عرفان خان، کے کے مینن لیڈنگ رول کر رہے ہیں جب کہ یہ فلم رواں برس 2 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ ان دنوں یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ آج کل بالی ووڈ اداکاروں میں گلوکاری کا رجحان خاصا عام ہو گیا ہے، پہلے تو یہ چیز کم دیکھنے میں آتی تھی، چند ہی اداکار تھے جو اپنی آواز میں فلم میں ایک گانا ضرور ریکارڈ کرواتے تھے۔ ماضی میں بالی ووڈ بادشاہ امیتابھ بچن نے بھی گلوکاری میں اپنے جوہر دکھائے۔