نئی دہلی:شائقین کی کم تعداد کے پیش نظر ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلے میں کل سے بچوں کا داخلہ مفت رہے گا۔
میلے کی منتظم تنظیم انڈین ٹریڈ پروموشن نے آج یہاں بتایا کہ میلے میں 12 سال تک کی عمر کے بچوں کا داخلہ مفت رہے گا۔ اس کے علاوہ عام ٹکٹوں کی قیمت 60 روپے سے کم کرکے 50 روپے اور ہفتہ اور اتوار کے دن ٹکٹوں کی قیمت 120 روپے سے گھٹاکر 100 روپے کر دی گئی ہے ۔
میلے میں حصہ لینے والی کمپنیوں اور کاریگروں کی سہولت کے لئے نقدی کے بغیر لین دین کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ میلے میں اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد دو سے بڑھا کر 14 کر دی گئی ہے ۔ ان میں موبائل اے ٹی ایم بھی شامل ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور ایکسز بینک سے کافی تعدار میں سوائپ مشین فراہم کرنے کے لئے اتحاد کیا گیا ہے ۔
تمام چھوٹے کاریگروں کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لئے اسٹیٹ بینک سے ساجھیداری کی گئی ہے ، اگر ضرورت پڑی تو میلہ کے مقام پر ہی ان کا اکاونٹ کھول دیا جائے گا تاکہ وہ سوائپ مشین کے ذریعے لین دین کر سکیں۔
ٹکٹ کاونٹر یعنی گیٹ نمبر ایک اور دو داخلہ ٹکٹ دینے کے لئے بھی سوائپ مشین کا انتظام کیا گیا ہے ۔
پے ٹي ایم اور فري چارج بھی کاروباری میلے میں ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے نقدی کے بغیر لین دین کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔