نئی دہلی، 23 فروری (یو این آئی) حکومت کی جانب سے تحویل اراضی قانون 2030 میں تبدیلی کے لئے لائے گئے آرڈیننس کو کسانوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے معروف سماجی کارکن انا ہزارے آج سے دہلی میں دو روزہ دھرنا دیں گے ۔انا کا یہ دھرنا ایسے
وقت میں ہو رہا ہے جب پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس شروع ہو رہا ہے ۔ انا نے تحویل اراضی آرڈیننس کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اس عوام مخالف پالیسی کے خلاف وہ ملک گیر تحریک چلائیں گے ۔انا کے دھرنے میں شامل ہونے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں کسانوں کے علاوہ سماجی کارکن میدھا پاٹیکر، گوونداچاریہ، راجیندر سنگھ اور تقریباً 80 غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے دہلی آنے کا امکان ہے ۔انا کے ساتھ مظاہرے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال اور کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی بھی شرکت کرسکتے ہیں۔