لکھنؤ(نامہ نگار)تحویل آراضی قانون میں ترمیم کے خلاف اتر پردیش یوا کانگریس وسط زون نے مظاہر ہ کرکے ناراضگی جتائی۔ وسط زون کے صدر انکت پریہار کی قیادت میں وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر عرضداشت دینے جارہے یوا کانگریسیوں کو پولیس نے مال ایونیو چوراہے پر ہی بیریکیڈنگ لگاکر روک لیا ۔ روکے جانے سے ناراض کارکنوں کی پولیس سے دھکا مکی اور معمولی جھڑپ ہوئی ۔
ناراض کارکنوں نے وہیں نعرے بازی کرتے ہوئے گرفتاری دے کر مخالفت ظاہر کی ۔ گرفتار کارکنوں کو پولیس لائن لے جاکر شام کو چھوڑ دیا گیا۔ مرکز کی سابقہ یوپی اے حکومت کے بنائے تحویل آراضی قانون میں ترمیم کے خلاف یوا کانگریس وسط زون کے صدر انکت پریہارکی قیادت میں یوا کانگریسیوں نے کسان ستیہ گرہ کیا ۔ یوا کانگریس ہیڈکوارٹر سے جمع ہوکر مظاہرین وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر عرضداشت دینے نکلے ۔ کارکنوں کو پولیس نے مال ایونیو چوراہے پر ہی بیریکیٹنگ لگا کرروک لیا۔ناراض یوا کانگریسیوں نے گرفتاری دے کر مخالفت کی ۔ گرفتار کانگریسیوں کو پولیس لائن لے جایا گیا جہاں شام کو انہیں چھوڑ دیا گیا۔اس سے قبل مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے وسط زون صدر انکت پریہار نے کہا کہ جب تک ترمیم واپس نہیں ہوگی یوا کانگریس کسانوں کے مفاد میں سڑکوں پر تحریک چلاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے انتخابات میں کسانوں اور غریبوں سے اچھے دن کا وعدہ کیا تھا۔ اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم سرمایہ داروں کے دباؤ میں کسانوں کے مفاد والے تحویل آراضی قانون میں ترمیم کرکے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کا کام کررہے ہیں۔ یوا کانگریس کے قومی سکریٹری اور ریاستی انچارج بی وی شری نواس نے کہا کہ پارٹی کسی بھی قیمت پر ترمیم کو پاس نہیں ہونے دے گی۔ مظاہرہ میں روشن ریکوار ، جیوتش کمار ، میڈیا انچارج اونیش شکلا ، ریاستی یوا کانگریس جنرل سکریٹری راہل ترپاٹھی ، اکھلیش ورما ، عمران علی، پرتبھا اٹل پال، ساتوک تیواری ، آبس رضا،سکندر سمیت دیگر کانگریسی شامل تھے۔