لکھنؤ: ترقیاتی اور تعمیری کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ تعمیری کام ضوابط کے مطابق کراتے ہوئے وقت پر مکمل کرائے جائیں۔ یہ ہدایت جمعہ کو منطقائی کمشنر مہیش کمار گپتا نے افسران کو دی۔ منطقائی کمشنر اپنے دفتر میں انتظامیہ کے ذریعہ طے شدہ خاکوں، پروگراموں اور ریونیو ٹیکس کی ترقیات کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے ۳۱-۲۱۰۲ء اور ۴۱-۳۱۰۲ء میں منتخب ڈاکٹر رام منوہر لوہیا گاؤں کے حالات کا بھی جائزہ لیا۔ جائزہ میں جن گاؤں میں ابھی کام التوا میں پڑے ہیں انہیں فوری پورا کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ تمام تعمیری کام ضوابط کے مطابق ہونا چاہئے اس کے علاوہ تعمیری کاموں کیلئے جو وقت طے کیا گیا ہے اسے اسی وقت مکمل ہونا چاہئے۔ ریونیو ٹیکس کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ ہدف کے مقابلہ وصولی کی جائے۔ اس میں کسی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے۔اس کے علاوہ منطقائی کمشنر نے لوہیا گاؤں میں رابطہ سڑک کی تعمیر، بجلی کاری، گلیوں میں سی سی روڈ، اندرونی گلیوں میں کے سی ڈرین کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تالابوں کی صفائی، پرائمری اسکولوںکا قیام، اعلیٰ پرائمری اسکول کا قیام اور عمارت کی تعمیر، آنگن باڑی مراکز کی تعمیر، متبادل اسٹریٹ لائٹ کا بندوبست، بیت الخلاء کی تعمیر، مہاتما گاندھی قومی روزگار گارنٹی پروگرام، سماجوادی پنشن، ضعیفی، پنشن، معذوری اور بیوہ پنشن کی تقسیم سمیت دیگر چلنے والی اسکیموں کی ترقیات کاجائزہ لیا۔ جلسہ میں ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر، منطقہ کے تحت اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ، سی ڈی او سمیت ایڈیشنل کمشنر انتظامیہ ڈاکٹر انل کمار، جوائنٹ ترقیاتی کمشنر پرمود کمار شریواستو وغیرہ دیگر افسران موجود تھے۔