لکھنؤ(نامہ نگار) ۔سماج وادی پارٹی نے آج کہا کہ ریاست میں امن اور ترقی کی مخالفت کرنے والوںکوریاست کے عوام برداشت نہیں کریں گے ۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجیندر چودھری نے یہاں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ لوک سبھاانتخابات کے بعد کوئی اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ مرکزی حکومت کی نگاہیں اتر پردیش پر ٹیڑھی ہوچلی ہیں۔ اترپردیش میںسماج وادی پارٹی نے فرقہ پرست طاقتوںکے خلاف زبردست مہم چلائی ہے ۔ اس سے فرقہ پرستی کے مخالفین پریشان ہیں اور کسی نہ کسی ریاست میں انارکی کاماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے وہ نظم ونسق کوبگاڑنے میں مصروف ہیں۔ مسٹر چودھری نے کہا سماج وادی پارٹی کی حکومت ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ۔
اس لئے وہ اس میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کو قطعی چھوٹ نہیں مل سکتی ۔ ریاست میں قانون کا راج ہے اور ہر حال میں وہ قائم رکھا جائے گا۔ انھوںنے کہا کہ ریاست میںسرگرم فرقہ پرست طاقتیں منصوبہ بند طریقے سے سماج وادی حکومت کے خلاف غلط تشہیر کی مہم کی سازش کرنے میں مصروف ہیں۔ اکھلیش یادو کی قیادت میں حکومت تمام عوامی بہبودی اسکیمیںچلا رہی ہے ۔یہ بی جے پی قیادت کو ناگوار گذر رہا ہے اس لئے ریاستی حکومت کے کام کاج پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔ کبھی منھ بھرائی توکبھی فرقہ وارانہ تشدد کی ناکارہ اسکیمیںبنانے میںوہ ہٹلر شاہی کے طور
طریقے اپنانے سے گریز نہیں کرتے ہیں۔ کبھی پریکرما تو کبھی مظفر نگر، مرادآباد، سہارنپور، میرٹھ میں مقامی تنازعہ کوطول دے کرجس طرح سے ملک اور بیرون ملک میں اترپردیش کو بدنام کرنے کی کوششیں کی گئیں۔
اس سے صاف ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کو سازش کے تحت بڑھاوا دیاجارہا ہے ۔بی جے پی کے ساتھ آر ایس ایس کااس میںاہم کردار ہے ۔تشدد کے ملزمین کو اعزاز دینے اور انھیں زیڈ زمرے کی سیکورٹی دینایہ ثابت کرتا ہے کہ ریاست میں نظم ونسق سے کھلواڑ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرکے دہشت گردی پھیلانا ہی ان کانصب العین ہے ۔