نئی دہلی، 29 نومبر ؛ تہلکہ نیوز میگزین کے سابق ایڈیٹر ان چیف ترون تیج پال انوسٹی گیشن آفیسر کے سامنے حاضر ہونے کے لئے آج گوا روانہ ہوئے۔ ان پر اپنے ادارے کی ایک جونیئر رفیق پر جنسی حملے کا الزام ہے۔ انہیں گوا پولیس نے کل دن میں تین بجے تک حاضر ہونے کو کہا تھا۔ یہ ڈیڈلائن گزر جانے کے بعد وہ آج آئی او سے ملنے گئے ہیں۔ جس دن سے ترون تیج پال پر آبروریزی کا کیس سامنے آیا ہے اس دن سے کسی کو ان کا پتہ نہیں تھا لیکن آج دن میں ڈھائی بجے پنجی سیشن کورٹ سے عبوری راحت حاصل کرنے کے بعد وہ آج سہ پہر کو منظرعام پر آئے۔ اس سے قبل آج دن میں گوا اور دہلی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے ترون تیج پال کو گرفتار کرنے کے لئے دہلی میں کئی مقامات پر چھاپے مارے کیونکہ وہ پنجی میں آئی او کے سامنے حاضر ہونے کی آخری میعاد گزر جانے کے بعد بھی نہیں پہنچے تھے۔ کل انہوں نے آئی او سے ملنے کے بجائے مزید مہلت مانگی تھی لیکن پولیس نے انہیں مہلت نہیں دی بلکہ ان کے خلاف ایک غیرضمانتی وارنٹ جاری کرنے کا حکم حاصل کرلیا اور اسی وارنٹ کی بنیاد پر راجدھانی کے مختلف حصوں میں چھاپے پڑ رہے ہیں۔گوا پولس کی ایک ٹیم کو، جو کل شام دہلی آئی ہے، چھاپے مارنے میں دہلی پولیس مدد کررہی ہے۔