نئی دہلی، 19 مئی ( یو این آئی) جنسی استحصال کے الزام میں گذشتہ کئی ماہ سے عدالتی حراست میں رکھے گئے سینئر صحافی ترون تیج پال نے اپنی ماں کی آخری رسومات میں شرکت کی غرض سے ضمانت پر اپنی رہائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔مسٹر تیج پال کی ماں شکنتلا تیج پال کا کل گوا میں انتقال ہوگیا ہے۔تہلکہ میزین کے بانی ایڈیٹر تیج پال کی طرف سے وکیل سندیپ کپور نے جسٹس بی ۔ایل۔ چوہان اور جسٹس اے ۔ کے ۔سکری پر مشتمل ڈویژن بنچ کے سامنے اس معاملے کی نزاکت کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے اپنے موکل کو ماں کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دینے کے لئے ریاستی حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔عدالت نے بہرحال کہا کہ اسے اس معاملے سے متعلق فائل نہیں ملی ہے اور وہ فائل کا جائزہ لئے بغیر کچھ بھی نہیں کہ سکے گی۔تیج پال گذشتہ 30 نومبر سے گوا کی جیل میں بند ہیں ۔ ان پر اپنے ساتھ کام کرنے والی ایک خاتون صحافی کے ساتھ جنسی دست درازی کرنے کا الزام ہے۔