انقرہ ؛ .ترکی میں آج دہشت گردوں نے استنبول میں امریکی قونصل خانے سمیت دیگر مقامات پر متعدد حملے کیے جن کے نتیجے میں 6ترک پولیس اہل کار مارے گئے، جبکہ ایک خاتون حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔ عراق اور شام کی سرحد پر سلوپی کے علاقے میں سڑک کنارے بم دھماکے میں 4 ترک پولیس اہل کار مارے گئے۔
سرنک کے علاقے میں ملٹری ہیلی کاپٹر پر کرد حملہ آوروں کے حملے میں ایک ترک سپاہی ہلاک ہوا۔ استنبول کے علاقے سلطان بیلی کے تھانے پر حملہ آوروں نے دھماکا کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے،جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔
دھماکے سے 10 افراد زخمی ہوئے، دوسری طرف آج صبح امریکی قونصل خانے کی عمارت پر دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر دونوں حملہ آور بھاگ گئے۔ پولیس نے کچھ گھنٹوں کی کوشش کے بعد ایک مشتبہ خاتون کو گرفتار کر لیا ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آوروں میں شامل تھی۔ ان حملوں میں کرد علیحدگی پسندوں اور داعش کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔